فتح گڑھ پنج تور میں 100 ٹریکٹروں کو ڈیزل کی فراہمی، اشیائے ضروریہ کی تقسیم
کپور تھلہ (پنجاب)، 23 ستمبر:
پنجاب کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں اور مقامی عوام کی فوری مدد کے لیے ممبئی کی معروف مذہبی و سماجی تنظیم رضا اکیڈمی کا ایک بڑا امدادی قافلہ آج کپور تھلہ کے فتح گڑھ پنج تور پہنچا۔ قافلے کے تحت کسانوں کی کھیتی باڑی میں سہولت دینے کے لئے 100 ٹریکٹروں میں ڈیزل تیل کی فراہمی کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی زمینوں کی دوبارہ کاشت شروع کر سکیں۔
رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ “ضرورت مندوں کی حاجت روائی سیرتِ نبوی ﷺ کا اہم حصہ ہے، ہم اسی جذبے کے تحت خدمتِ خلق کا یہ مشن جاری رکھے ہوئے ہیں”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا فیصلہ مقامی کسان سکھ چین کی درخواست اور پنجاب کے علمائے اہلسنت سے مشورے کے بعد کیا گیا۔
امدادی سامان میں ڈیزل کے ساتھ ساتھ کمبل، چادریں، چپل، مچھر دانیاں اور ابتدائی طبی ادویات بھی شامل ہیں جو متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ فوری طور پر اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
یہ امدادی سرگرمیاں حضرت سید معین میاں صاحب قبلہ (صدر آل انڈیا سنی جمعیت العلماء)، لدھیانہ کے ادارہ شرعیہ کے صدر اعلیٰ مولانا فاروق رضوی، دہلی کے حاجی معین الدین اشرفی، مالیگاؤں کے ڈاکٹر رئیس رضوی، ممبئی کے مولانا اعجاز کشمیری سمیت پنجاب اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے علمائے کرام اور ماہرینِ سوشل ورک کی رہنمائی میں انجام دی جا رہی ہیں۔
رضا اکیڈمی نے واضح کیا کہ پنجاب، دہلی، مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں کے ماہرین اور رضاکاروں پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ضرورت مند علاقوں کی نشاندہی کر کے بروقت راحت رسانی کا کام کر رہی ہے۔