Date: Wed 29 Jul 2026 /

29-Jul-2026 15-Safar-1448

رضا اکیڈمی ممبئی: علمِ دین، خدمتِ خلق اور تحفظِ مسلک اعلی حضرت کا روشن مینار

از

محمد اختر علی واجد القادری عفی عنہ

خادم شمس العلماء دار الافتاء و القضاء ،جامعہ اسلامیہ میراروڈ ممبئی ۔

 

رضا اکیڈمی ممبئی کا شمار اُن عظیم دینی، علمی اور اصلاحی اداروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے اخلاصِ نیت، وسعت فکر اور خدمت ملت کے جذبے سے برصغیر کے دینی افق پر ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

تقریباًنصف صدی پر محیط اس کے تابندہ سفر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر عزمِ راسخ، فکرِ صالح اور مقصدِ عالی موجود ہو تو ایک ادارہ محض تنظیم نہیں رہتا بلکہ ایک تحریک، ایک دعوت اور ایک مؤثر قیادت کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

خلیفہ تاج الشریعہ حضرت الحاج سعید نوری رضوی صاحب قبلہ اطال اللہ عمرہ کی قیادت میں رضا اکیڈمی نے اشاعتِ علم، ترویجِ مسلکِ اہلِ سنت، دفاعِ عقائدِ حقہ، اصلاحِ معاشرہ، رفاہِ عامہ اور خدمتِ انسانیت کے ایسے درخشاں نقوش ثبت کیے ہیں جو تاریخ کے صفحات میں سنہرے حروف سے لکھے جائیں گے۔ دینی کتابوں کی اشاعت ہو یا علمی سیمیناروں کا انعقاد، تعلیمی سرگرمیاں ہوں یا سماجی خدمات، ہر میدان میں رضا اکیڈمی نے اپنی سنجیدہ، متوازن اور مثبت فکر کا عملی ثبوت پیش کیا ہے۔

خاندانِ اعلیٰ حضرت کی دو سو سالہ خدماتِ افتاء کے اعتراف میں دو سو مفتیانِ کرام کو ایوارڈ دینے کا حالیہ اعلان درحقیقت علمِ فقہ اور منصبِ افتاء کے ساتھ والہانہ عقیدت کا مظہر ہے۔ یہ محض ایک اعزاز نہیں بلکہ اُن علماء و مفتیانِ کرام کی علمی خدمات کا اعتراف ہے جو امت کی شرعی رہنمائی اور دینی رہبری کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ رضا اکیڈمی کا یہ اقدام اہلِ علم کی قدر افزائی، فقہی روایت کی پاسبانی اور علمی سرمایہ کی حفاظت کی ایک حسین مثال ہے۔

اسی طرح دو سو مستحق مریضوں کے مفت آپریشن کا اعلان اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ رضا اکیڈمی کی خدمات صرف درسگاہوں اور کانفرنس ہالوں تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کی عملی خدمت تک پھیلی ہوئی ہیں۔ یہ وہی فکر ہے جو دین کو عبادت کے ساتھ خدمت، اور عقیدت کے ساتھ انسانیت کی بھلائی کا درس دیتی ہے۔ اسی کے ساتھ “تمہید ایمان” جیسے مؤثر لٹریچر کی وسیع پیمانے پر اشاعت کا منصوبہ نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی حفاظت اور فکری رہنمائی کی ایک قابلِ تحسین کاوش ہے۔

رضا اکیڈمی کی گولڈن جوبلی تقریبات دراصل ماضی کی خدمات کا جشن ہی نہیں بلکہ مستقبل کے عزائم کا اعلان بھی ہیں۔

فقیر کی طرف سے دعا ہے کہ یہ ادارہ اسی طرح دینِ متین، مسلکِ اہلِ سنت اور خدمتِ انسانیت کے میدان میں اپنی تابندہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے، اور اس کے ذمہ داران و معاونین خصوصا قائد ملت حضرت الحاج ۔حند سعید نوری صاحب کو رب کریم اخلاص، استقامت، عزت اور قبولیتِ عامہ کی لازوال نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔

رضا اکیڈمی کا پیغام علم ہے، اس کا شعار عمل ہے، اس کا سرمایہ اخلاص ہے، اس کا مقصد اصلاح ہے، اس کی پہچان خدمت ہے، اور اس کا امتیاز محبت رسول ﷺ اور عظمت اہلِ سنت کا فروغ ہے۔

 

فقط

محمد اختر علی واجد القادری عفی عنہ

خادم شمس العلماء دار الافتاء و القضاء ،جامعہ اسلامیہ میراروڈ ممبئی

9320485470

20/ جولائی 2026

Advertisement Section

Scroll to Top

Moon Sighting

.