Date: Fri 25 Sep 2026 /

25-Sep-2026 14-Rabi'al Thani-1448

نیپال میں سیلاب کی تباہ کاری، رضا اکیڈمی کے امدادی وفد کا تیسرے روز بھی دورہ متاثرین میں ضروری سامان اور نقد رقم تقسیم، بٹار میں لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام

نیپال میں سیلاب کی تباہ کاری، رضا اکیڈمی کے امدادی وفد کا تیسرے روز بھی دورہ متاثرین میں ضروری سامان اور نقد رقم تقسیم، بٹار میں لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام

نیپال میں سیلاب کی تباہ کاری، رضا اکیڈمی کے امدادی وفد کا تیسرے روز بھی دورہ

متاثرین میں ضروری سامان اور نقد رقم تقسیم، بٹار میں لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام

تریشولی، نیپال، 18 ستمبر: نیپال میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رضا اکیڈمی کی جانب سے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔ رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری کی قیادت میں امدادی وفد نے تیسرے روز بھی مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا زمینی جائزہ لیا۔

امدادی وفد نے تریشولی، ڈونگے، بیدر پور نگر پالیکا، نوگھاٹ اور گھمہ سمیت مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ضرورت مند خاندانوں میں ضروری اشیاء کے علاوہ نقد رقم بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر بٹار کی مسجد میں جمعہ کی نماز کے بعد لنگرِ رسول ﷺ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں متاثرین اور دیگر افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

اس موقع پر رضا اکیڈمی کے بانی و سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ میڈیا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے جو مناظر سامنے آتے رہے ہیں، زمینی صورتِ حال اس سے کہیں زیادہ سنگین اور دردناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری امداد اور بنیادی ضروریات کی شدید ضرورت ہے۔

وفد کے مطابق تریشولی کے مسلم علاقے میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ مسجد کی عمارت تقریباً مکمل طور پر متاثر ہوچکی ہے، جبکہ مدرسہ اور قبرستان بھی سیلابی ریلے کی زد میں آکر شدید نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔ قبرستان سے مٹی اور ملبہ نکالنے کے لیے جے سی بی مشینوں سے کام لیا جا رہا ہے۔ ملبے سے اٹھنے والی شدید بدبو کے باعث علاقے میں بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا امکان بھی بتایا گیا، تاہم اس کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

سیلاب متاثرین نے امدادی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق حکومتی امدادی اقدامات ان کی ضروریات کے مقابلے میں ناکافی رہے، جبکہ مختلف این جی اوز اور رفاہی اداروں نے متاثرین کی مدد کے لیے نمایاں فلاحی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔

جمعیت علمائے اہل سنت ممبئی کے نائب صدر حضرت علامہ اعجاز احمد کشمیری نے کہا کہ نیپال میں سیلاب کی شدت نے سونامی جیسی تباہی کا احساس دلایا۔ فلک بوس عمارتوں اور مضبوط تعمیرات کو بھی زمین بوس دیکھ کر سیلاب کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

رضا اکیڈمی مالیگاؤں کے صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے دردناک مناظر دیکھ کر آنکھیں اشک بار ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ہونے والی تباہی کی دل خراش تصاویر دیکھنا بھی انتہائی مشکل ہے۔

رضا اکیڈمی کے امدادی وفد نے علماء نیپال فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جس نے کئی روز سے متاثرہ علاقوں میں موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور رضا اکیڈمی کے وفد کو متاثرین تک پہنچنے میں رہنمائی فراہم کی۔ فاؤنڈیشن کے روحِ رواں حضرت مولانا سید غلام حسین مظہری اور حضرت مولانا نور محمد مصباحی نے بھی امدادی سرگرمیوں کے دوران مسلسل تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔

امدادی وفد میں شہزادہ اکبر حضرت محمد سعید نوری، مصطفیٰ رضا امن میاں، حضرت قاری ثناء اللہ رضوی اور خادم القرآن عبد الرحمٰن ضیائی بھی شامل تھے۔

منجانب: محمد عارف رضوی، سکریٹری، رضا اکیڈمی ممبئی

 

نیپال میں سیلاب کی تباہ کاری، رضا اکیڈمی کے امدادی وفد کا تیسرے روز بھی دورہ متاثرین میں ضروری سامان اور نقد رقم تقسیم، بٹار میں لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام

 

 

Advertisement Section

Scroll to Top

Moon Sighting

.