Date: Wed 24 Apr 2024 /

24-Apr-2024 15-Shawaal-1445

ملعون وسیم رضوی کی گستاخانہ کتاب پر جوابی کتاب “عظیم محمد” کا اجراء اجمیرِ معلّی میں ہوا

ملعون وسیم رضوی کی گستاخانہ کتاب پر

جوابی کتاب “عظیم محمد” کا اجراء اجمیرِ معلّی میں ہوا

انجمن معینیہ خدام خواجہ کے صدر سید معین چشتی، سید عبدالواحد انگارا شاہ اور معین میاں اشرفی کے دستِ مبارک سے کتاب درگاہِ غریب نواز میں پیش کی گئی

 

 

اجمیر شریف/27 مارچ: حضور خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کا آستانہ وہ بافیض آستانہ ہے جہاں سے پوری دنیا کے لوگ فیض پاتے ہیں. آپ نے بلادِ ہند میں دین اسلام کی جو آبیاری فرمائی اسی دین پر، اسی دین کے پیغمبر اسلام پر اور مقدس کتاب قرآن مجید پر آج کچھ بدبخت اعتراضات کررہے ہیں تو حضور خواجہ غریب نواز نے اپنے غلاموں سے اپنے نانا جان کے دین کی حفاظت کا کام لے لیا اور وسیم تیاگی جیسے گستاخوں کو لاجواب کردیا. ان جملوں سے اپنے تاثرات کا اظہار انجمن معینیہ چشتیہ خدام خواجہ کے صدر سید معین میاں چشتی نے کیا. اس موقع پر آپ نے مزید فرمایا کہ میں انجمن معینیہ فخریہ چشتیہ خدام خواجہ صاحب سیدزادگان کے تمام اراکین کی جانب سے اس کتاب کی اشاعت پر کتاب کے مصنف مولانا ابراہیم آسی اور تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ کے معین میاں اشرفی و سعید نوری کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے پورے ملک کے مسلمانوں کی جانب سے فرضِ کفایہ ادا کیا ہے. آپ نے دربارِ غریب نواز سے پورے ملک کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ کے ممبر بنیں، ہر شہر میں اس کی شاخیں قائم کریں اور اس بورڈ کو طاقت پہنچائیں. اور معین میاں اشرفی اور سعید نوری کی قیادت میں خواجہ غریب نواز کے مشن کو آگے بڑھائیں. ہم بھی ان کے ساتھ ہیں.
اسی طرح درگاہِ معلیٰ کی انجمن کے سکریٹری سید عبدالواحد انگارا شاہ نے فرمایا کہ ہمیں خوشی ہے کہ جانشین سید معین میاں اشرفی کچھوچھہ مقدسہ اور اسیر مفتی اعظم الحاج محمد سعید نوری رضا اکیڈمی کی سرپرستی میں مولانا محمد ابراہیم آسی صاحب کی کتاب “عظیم محمد” کا اجراء بارگاہِ غریب نواز سے ہورہا ہے، ہم ان دونوں قائدین کے لیے، مولانا آسی کے لئے اور اس کتاب کو شائع ہونے تک معاونت کرنے والے تمام معاونین کے لئے دعاگو ہیں. اللہ تعالیٰ ان کے اس کام کو قبول فرمائے اور خواجہ غریب نواز ان کے تمام معاونین پر خصوصی عنایات فرمائیں.

اس موقع پر انجمن کے صدر سید معین چشتی اور سکریٹری سید عبدالواحد انگارا شاہ نیز معین میاں اشرفی کے ہاتھوں بانی رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری کی خدمت میں “قائد ملّت ایوارڈ” بھی پیش کیا گیا. حضور معین المشائخ نے فرمایا کہ الحاج محمد سعید نوری کی خدمات اور ناموس رسالت کے تحفظ کی خاطر دن رات محنت اور جدوجہد سے متاثر ہوکر آل انڈیا سُنی جمیعۃ العلماء ممبئی نے انہیں “قائد ملّت” کے خطاب سے نوازا اور آج سرکار غریب نواز کی بارگاہ سے انہیں “قائد ملت ایوارڈ” تفویض کیا جارہا ہے.
واضح رہے کہ ملعون وسیم رضوی نے اپنی بدنام زمانہ کتاب “محمد” میں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم، اہلبیت اطہار، امہات المومنین پر انتہائی گندے اور توہین آمیز تبصرے کئے ہیں اسی طرح قرآن مقدس کی آیات پر بھی اعتراض کئے ہیں جس کے جواب میں “تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ ممبئی” کے زیرِ اہتمام مولانا محمد ابراہیم آسی (جامعہ قادریہ اشرفیہ ممبئی) نے “عظیم محمد” نام سے جوابی کتاب تیار کی، جس کی اشاعت تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ ممبئی نے کی. اس کتاب کا اجراء اتوار 27/مارچ 2022ء کو دوپہر 3/بجے سرکار غریب نواز کے دربار میں احاطہء نور میں کیا گیا. اس موقع پر صاحب کتاب مولانا محمد ابراہیم آسی نے بتایا کہ ملعون وسیم رضوی نے اپنی کتاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم پر 87 اعتراضات اور ان پر انتہائی بھونڈے اور غلیظ انداز میں تبصرے کئے ہیں کہ جسے مسلمان برداشت نہیں کرسکتا. اس پر جہاں قانونی کاروائی ضروری ہے وہیں اس کتاب کا جواب کتابی صورت میں بھی ضروری تھا جسے غریب نواز کی نظر عنایت سے ہم نے پورا کیا.

الحاج محمد سعید نوری نے اپنے تاثرات میں فرمایا کہ ہندوستان کی سرزمین پر اٹھنے والے فتنوں میں ملعون وسیم رضوی عرف تیاگی کا فتنہ سب سے شدید فتنہ ہے جس نے تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں وہ نازیبا گستاخانہ کلمات شائع کئے ہیں جو اس سے پہلے تاریخ میں نہیں ملتے. اس کا رد بہت ضروری تھا، الحمدللہ آج اس کا رد جوابی کتاب “عظیم محمد” کے نام سے شائع ہوا اور اجراء عمل میں آیا.

ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے یہاں رسم اجراء کے لیے تشریف لائے کثیر تعداد میں علماء کرام، سجادگان اور مشائخین عظام نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فرمایا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ نے اپنے نام کا حق ادا کردیا. امید ہے کہ آگے بھی یہ ادارہ دشمنان اسلام کی سرکوبی کے لیے پورے ملک کے مسلمانوں کی رہنمائی کرے گا.

اجمیر شریف بارگاہِ غریب نواز میں منعقدہ اس اہم اجلاس کی ابتداء تلاوت قرآن پاک سے ہوئی، خادمِ درگاہ سید فضیل میاں چشتی نے حمدِ باری تعالٰی و نعت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ نعت خواں، شہزادہء سعید نوری جناب احمد رضا نوری میاں نے بارگاہِ مولی علی و بارگاہِ غریب نواز میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا. احاطہء نور میں منعقدہ اس تقریب اجراء میں ملک کے طول و عرض سے آئے لاکھوں زائرین نے شرکت کی جبکہ خصوصی شرکاء میں سجادگانِ خواجہ سے سید معین چشتی، سید عبدالواحد انگارا شاہ، سید عرفان نصیر، سید ظہیر چشتی، سید شاہنواز چشتی، سید فضل چشتی، سید احمد حسینی، سید غوث الدین بادشاہ، پیر طریقت سید نیّر اشرف کچھوچھہ مقدسہ، جناب اسلم لاکھا ممبئی، جناب اکرم خان کرلا، مولانا سید واجد علی ہاشمی، جناب حسن رضوی، جناب عرفان شیخ، مولانا غفران رضا، جناب مصطفی رضا امن میاں، مولانا سراج الدین ہاشمی، مولانا سید جمیل رضوی، مولانا ریحان رضا قادری، مولانا سید نور عالم عرف نور میاں کچھوچھہ شریف، مولانا فضلِ حق کوٹوی، مولانا ابراہیم آسی، مولانا عباس رضوی، مولانا ظفر الدین رضوی، مفتی اختر واجد القادری، مولانا ولی اللہ شریفی، مولانا خلیل الرحمٰن نوری، مولانا امان اللہ رضا نوری، آپریٹر جناب فرید رضوی، نور رضوی، مصطفی رضوی، حافظ کونین رضا، سہیل رضا جاورا، شاہجہاں رضوی، مولوی مجاہد رضا وغیرہ شامل ہیں.

Scroll to Top

Date: Wed 24 Apr 2024 /

24-Apr-2024 15-Shawaal-1445

Contact Details

Social Links

Moon Sighting

.