رضا اکیڈمی کا ایک وفد اس وقت اتر پردیش کے تبلیغی دورہ پر ہے۔ اس وفد کی قیادت رضا اکیڈمی کے سربراہ مولانا الحاج محمد سعید نوری کر رہے ہیں۔
آج یہ وفد ریاست کی راجدھانی لکھنئو پہونچا تو یہاں پرمحلہ شیروانی نگر کے باشندگان نے رضا اکیڈمی کے عہدیداران کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
واضح رہے کہ رضا اکیڈمی کا یہ قافلہ ممبئی سے مارہرہ شریف پہونچا تھا وہاں بریلی شریف ہوتا ہوا آج یہ قافلہ لکھنئو پہونچا۔ جہاں شہر کے علماء عمائدین اور آئمہ کرام کے ساتھ تفصیلی نششت کا اہتمام ہوا۔ وہیں الحاج سعید نوری صاحب کی قیادت میں یہ قافلہ سرکار عالم پناہ حاجی وارث علی شاہ رحمة اللہ تعالی علیہ دیوی شریف کے آستانہ ہر حاضر ہوا۔ اس موقع ہر رضا اکیڈمی کے سربراہ اسیر مفتی اعظم ہند الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ ہماری قوم حیات زندگی کے تمام شعبوں میں پیچھے چلی گئی ہے۔ اور ہمارا رشتہ نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے کمزور ہوتا چلا جا رہا ہے۔ دین کے تئیں ہم حساس نہیں ہیں۔اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نہیں نبھا رہے ہیں۔ اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے سبھی آگے آئیں۔ جگہ جگہ تعلیمی ادارے قائم کریں۔ تعلیم سے مراد ہماری ظاہری و باطنی روحانی و جسمانی، صحت و سلامتی ہمارے اخلاق کی صحت و تندرستی، ہمارے معاشرہ سے بے جا رسم و رواج کا خاتمہ، اور تعلیم سے مراد دینی و مذہبی تعلیم کا حصول، عصری تعلیم کا حصول اور اعلیٰ تعلیم کی راہوں کو ہموار کرنا قومی یکجہتی اور امداد باہمی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔یہ دنیاو آخرت کی کھیتی ہے جیسا بو ؤگے ویسا آخرت میں پاؤگے، مگر دنیا میں رہ کر خدا کی مرضی اور اس کی رضا کے معیار پر عمل کرنا انسان کی بندگی ہے۔ ہمارے مطابق جو بھی عوام کی خدمات ہوسکتی ہیں وہ حتی ٰالمقدور جدوجہد کے ساتھ کی جائیں تو قوم کی تعمیر و ترقی میں لازمی کامیابی حاصل ہوگی۔
اس موقع پر پاسبان وطن فائونڈیشن آف انڈیا کے قومی صدر مولانا محمد اعظم حشمتی نے رضا اکیڈمی کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے درمیان اسیر مفتی اعظم ہند تشریف لائے ہیں۔ اس پیرانہ سالی میں قوم وملت کا جو درد الحاج سعید نوری صاحب میں موجود ہے۔ وہ کہیں بھی نظر نہیں آتا ہے۔ گذشتہ کچھ مہینوں میں جس طریقہ سے موصوف نے ملکی سطح پر ناموس رسالت صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تحریک چلائی یے اور قوم کو حضور ﷺ کے عظمت سے روشناس کرایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر مولانا ارشاد احمد ثقافی,حافظ جنید عالم رشیدی ممبئی، مولانا قاری عقیل الرحمن،مولانا حکیم اصغر الزمان خان، انوار احمد خان، گوہر صاحب ،زبیر خان، قاری عبد المتین حشمتی، سلیم قریشی حافظ سراج احمد، مولانا مقبول احمد صاحب و دیگر لوگ موجود تھے۔