Date: Sat 2 Nov 2024 /

2-Nov-2024 1-Jamadi'al Ula-1446

تحفظِ ناموسِ رسالت کے لئے کرناٹک کے کامیاب دورے سے واپسی پر الحاج محمد سعید نوری کا شاندار استقبال.

تحفظِ ناموسِ رسالت کے لئے کرناٹک کے کامیاب دورے سے واپسی پر الحاج محمد سعید نوری کا شاندار استقبال.

اللہ تعالٰی ان کے حوصلے کو مزید بلندی عطا فرمائے، قوم کو ان کا ہم قدم بنائے. (علامہ ولی اللہ شریفی)

“پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم بل” پاس کرانے کی ذمہ داری ہر صاحبِ ایمان پر عائد ہوتی ہے. (علامہ محمود عالم رشیدی)

ممبئی: ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر پہریداری کے لئے مسلمانوں کو بیدار کرنے کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، بانیِ رضا اکیڈمی، اسیرِ مفتیِ اعظم الحاج محمد سعید نوری کی ذات اپنے آپ میں انجمن کا درجہ رکھتی ہے. اسلام و مسلمین کی حفاظت و صیانت کا معاملہ ہو، حالات حاضرہ پر رہنمائی کی ضرورت ہو یا کسی قومی، ملی، سماجی معاملات پر پیش قدمی کی بات ہو، سعید نوری صاحب ہمیشہ صفِ اول میں نظر آتے ہیں، مسلمانوں کو بھی چاہیے کہ ان کے قدم سے قدم ملائیں، ان کا ساتھ دیں اور ناموسِ رسالت بورڈ کو مضبوط کریں تاکہ گستاخیاں کرنے والوں پر قدغن لگائی جاسکے. ان جملوں کا اظہار علامہ ولی اللہ شریفی (خلیفہء شارح بخاری، چمبور) نے کیا.
واضح رہے کہ “پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم بل” سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی غرض سے کرناٹک کے آٹھ روزہ کامیاب دورہ سے واپسی پر الحاج محمد سعید نوری کا ممبئی میں جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا. گوونڈی بائی پاس پر صبح 4 بجے نوجوانانِ گونڈی نے تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ کے قافلے پر پھولوں کی بارش کی، قائدِ ملت الحاج محمد سعید نوری، علامہ عباس رضوی و دیگر ارکان کا پھولوں سے استقبال کیا گیا. تو دوسرے دن رضا اکیڈمی آفس پہنچ کر مختلف علماء کرام نے بانیِ رضا اکیڈمی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی خدمت میں گلدستے پیش کئے اور اس بل کی منظوری کے لئے خصوصی دعا کی.
رضا اکیڈمی آفس پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہء شارح بخاری، علامہ ظہیر الحق رضوی (گھوسی مئو) نے فرمایا کہ فی الوقت ہندوستان میں اہلسنت کی حقیقی رہنمائی کرنے والی ذات اگر کوئی ہے تو وہ ذات مفتیِ اعظم کی چلتی پھرتی کرامت، سعیدِ ملت، سعید نوری کی ذات ہے. اس موقع پر شیرِ گوونڈی، رہبرِ شریعت، علامہ محمود عالم رشیدی صاحب بھی اپنی ضعیفی و نقاہت کے باوجود رضا اکیڈمی آفس پہنچے اور سعید نوری صاحب کو ناموسِ رسالت کے کامیاب تبلیغی دورے پر مبارکباد پیش کی. آپ نے فرمایا کہ مسلمانوں کے لئے اب بیدار ہونے کا وقت آگیا ہے، ایسے نازک حالات میں جب پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں زبان درازیاں بڑھ رہی ہوں تو پھر قوم کا ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنا دنیا و آخرت کی بربادی کی علامت ہوگی. اللہ تعالٰی سعید نوری کے حوصلے کو مزید بلندی عطا فرمائے، یہ قوم کے ہر فرد کی ضرورت ہیں. اس موقع پر محمد عارف رضوی، معصوم رضا، عرفان تیگانی، سلیم رضوی، ناظم رضوی، مختار بھائی وغیرہ موجود رہے.

Scroll to Top

Moon Sighting

.